ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / لوک سبھا میں رکاوٹ کی وجہ سے 91گھنٹے 59منٹ کا وقت برباد ہوا: مہاجن

لوک سبھا میں رکاوٹ کی وجہ سے 91گھنٹے 59منٹ کا وقت برباد ہوا: مہاجن

Sat, 17 Dec 2016 00:27:54  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 15/دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) نوٹ بند ی کے معاملے پر پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے تقریبا مکمل طور ہنگامے کی نذر ہوجانے کے درمیان لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے آج کہا کہ سیشن کے دوران لوک سبھا میں 21اجلاسوں میں محض 19گھنٹے کارروائی ہوئی اور تعطل کی وجہ سے 91گھنٹے 59منٹ کا وقت برباد ہوا ہے جو اچھی بات نہیں ہے اور اس سے عوام میں ہماری شبیہ خراب ہوتی ہے۔لوک سبھا کی کارروائی کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کرنے سے پہلے لوک سبھا اسپیکر نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ آئندہ سیشن میں کوئی رکاوٹ نہیں پیداہو گی اور ہم سب بہتر طریقے سے کام کاج کریں گے جس کے نتیجے میں بامعنی بحثیں اور مثبت بات چیت ہوں گی، مجھے ایوان کے سبھی طبقوں کے لیڈروں اور ارکان سے حمایت ملنے کابھروسہ ہے۔سمترا مہاجن نے کہا کہ اس سیشن کے دوران ایوان کے 21 اجلاس ہوئے جو 19گھنٹے جاری رہے، سیشن میں تعطل کی وجہ سے مجبور ہوکر اجلاس ملتوی کئے جانے کی وجہ سے 91گھنٹے اور 59منٹ کا وقت برباد ہوا جو ہم سب کے لیے اور خاص طور پر میرے لیے اچھی بات نہیں ہے،اس سے عوام میں ہماری شبیہ خراب ہوتی ہے۔لوک سبھا اسپیکر نے کہاکہ میں امید کرتی ہوں کہ آنے والا  نیا سال ہماری زندگی میں نئی امید اور نئی توانائی لے کر آئے گا اور ہم بامعنی طریقے سے عزم کریں گے کہ نئے سال میں ہم  اچھی سمجھ کر یہ فیصلہ لیں گے کہ ہم سبھی دستیاب پارلیمانی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اختلافات اور تنازعات،اگر کوئی ہو، اس کو پرزور طریقے سے درج کرائیں گے اوریہ یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ اجلاس میں ر کاوٹیں کم اور بحثیں زیادہ  ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں اہم مالی، قانون سازی اور دیگر کام کئے گئے۔اجلاس میں 2016-17کے گرانٹ کے ضمنی مطالبات کے دوسرے بیچ اور 2013-14کے اضافی گرانٹ کے مطالبات پر مشترکہ بحثیں ہوئیں اور اس کے بعد مطالبات پر ووٹنگ ہوئی اور متعلقہ اپروپرییشن بل منظور ہوئے۔
 


Share: